نامور فلم اور ٹی وی اداکارہ نیلم منیر نے باضابطہ طور پر شادی کر لی، شوہر کے ساتھ اُن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
مشہور فوٹوگرافر عبدالصمد ضیاء نے نیلم منیر کی شادی کی تصاویر کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا، اور کیپشن میں لکھا کہ اس نئے سال کے ساتھ، ان کی زندگی کے نئے باب کا آغاز، انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
دبئی، یو اے ای میں ہونے والی شادی میں نیلم منیر نے سفید رنگ کا شاندار جوڑا زیب تن کیا جس کو مقامی ڈیزائن ہاؤس باروک نے تیار کیا تھا۔ ان کے شوہر بھی روایتی عربی لباس جُبہ میں ان کے ساتھ ہم آہنگ نظر آ رہے تھے۔
جوڑے نے دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ کے قریب اپنی شادی کے دن کی تصاویر بنوائیں۔ اداکارہ کے شوہر کے بارے میں مزید تفصیلات ابھی تک منظرعام پر نہیں آئیں۔
نیلم منیر خان کی شادی کے حوالے سے افواہیں نومبر میں اٹھنا شروع ہوئیں تھیں، جنہیں اداکارہ نے اس ہفتے کی ابتدا میں اپنی مایوں کی تقریب کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے تصدیق کیا اور کہا کہ تمام شادی کی تقریبات ابھی شروع ہوئی ہیں۔
نئے جوڑے کی وائرل تصاویر کو ہزاروں سوشل میڈیا صارفین نے پسند کیا اور انہیں دل سے مبارکباد پیش کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔