لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)جاتی امرا لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک ہوئے۔ اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، حکومتی معاملات اور حالیہ اتحادی اختلافات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کے ساتھ سیز فائر پر اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ دونوں جماعتیں باہمی مشاورت کے ذریعے اختلافات کو مرحلہ وار ختم کریں گی۔ اس موقع پر مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے ساتھ اختلافات کے پس پردہ عوامل پر روشنی ڈالی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے ہونے والے حالیہ رابطوں اور بات چیت کے بارے میں بریفنگ دی۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرین کی امداد کے معاملے پر پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ مریم نواز کے بیانات پر پیپلز پارٹی نے شدید ردعمل دیا اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں احتجاجاً واک آوٹ کیا تا ہم بدھ کے روز سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں دونوں جماعتوں کی قیادت کی ملاقات کے بعد معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے اور لفظی محاذ آرائی بند کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔جاتی امرا کی ملاقات میں نواز شریف کو آزاد کشمیر کی صورتحال اور طے پانے والے معاہدے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ڈونلڈ ٹرمپ اور عرب سربراہان کے حالیہ رابطوں اور حکومت کی جانب سے فلسطین میں قیام امن کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔نواز شریف نے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی معاہدے نے پاکستان کی سفارتی اہمیت مزید بڑھا دی ہے اور اختلافی امور کو افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کو یقینی بنایا جائے اور ایسے عناصر کا سدباب کیا جائے جو وہاں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جاتی امرا میں ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کی اہم بیٹھک،پیپلز پارٹی سے سیز فائر اور اختلافات کے حل پر اتفاق
5