لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور کے علاقے جاتی امرا میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر اہم مشاورت ہوئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی معیشت، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور عوامی مسائل پر گفتگو ہوئی جبکہ نواز شریف نے حکومت کو ہدایت دی کہ غریب اور کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔
ایگزو نیوزکے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں اپنے بڑے بھائی اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انہیں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، تاہم حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم رکھا جائے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کے مختلف پہلووں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت دی کہ غریب اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں اور حکومتی پالیسیوں میں عوامی فلاح کو ترجیح دی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل، معاشی استحکام اور حکومتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے بھی مختلف امور پر غور کیا گیا۔
سیاسی و معاشی صورتحال پر جاتی امرا میں اہم بیٹھک،نواز شریف کی غریبوں کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت
4