Home » نواز شریف کا آزاد کشمیر کیلئے بجٹ 10 گنا بڑھانے اور موٹروے منصوبوں کا اعلان،وزیر اعظم بننے کی خواہش پر جلسہ گاہ میں قہقہے

نواز شریف کا آزاد کشمیر کیلئے بجٹ 10 گنا بڑھانے اور موٹروے منصوبوں کا اعلان،وزیر اعظم بننے کی خواہش پر جلسہ گاہ میں قہقہے

by ahmedportugal
19 views
A+A-
Reset

مظفرآباد(ایگزو نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا،جہاں انہوں نے خطے کے لیے متعدد ترقیاتی اعلانات اور سیاسی وعدے کیے۔خطاب کے دوران انہوں نے ہلکے انداز میں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار بھی کیا،جس پر جلسہ گاہ میں قہقہے اور تالیاں گونج اٹھیں تاہم بعد ازاں انہوں نے اسے مزاح قرار دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر ان کا دوسرا گھر ہے اور یہ خطہ انہیں پنجاب جتنا ہی عزیز ہے،میں نے آزاد کشمیر کے لیے جو منصوبہ منظور کیا وہ مسلم لیگ ن کی جانب سے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ تھا،اگر وہ مکمل ہو جاتا تو سڑکوں،ہسپتالوں،سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں کا جال بچھ جاتا اور خوشحالی آتی،میں نے کبھی پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا یا آزاد کشمیر میں کوئی فرق نہیں کیا،آزاد کشمیر میرا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنی سابقہ حکومت کے دوران انہوں نے آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں میں کوئی تفریق نہیں برتی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کو اقتدار ملا تو آزاد کشمیر کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں حکومت بننے کی صورت میں خطے کا بجٹ دس گنا تک بڑھایا جائے گا جبکہ پنجاب طرز کے ترقیاتی منصوبے یہاں بھی متعارف کرائے جائیں گے،جن میں موٹروے جیسے بڑے انفراسٹرکچر منصوبے شامل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مظفرآباد سمیت دیگر شہروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ یہ خطہ ترقی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔

قائد مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی کام ان کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہیں اور اسی ماڈل کو آزاد کشمیر میں بھی نافذ کیا جائے گا،میں نے مریم سے کہا کہ مظفرآباد پاکستان کے خوبصورت ترین شہروں میں شامل ہونا چاہیے،جو ترقی پنجاب میں ہو رہی ہے،وہی ترقی آزاد کشمیر میں بھی نظر آنی چاہیے،اگر عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا تو پنجاب کے کامیاب منصوبے ایک ایک کرکے یہاں بھی لائیں گے اور آزاد کشمیر کی تقدیر بدلیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مظفرآباد کے لیے 10 الیکٹرک گرین بسیں تحفے کے طور پر بھیجی جا رہی ہیں،جو جلد شہر میں پہنچ جائیں گی۔نواز شریف نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر ان کی جماعت کو ووٹ دیا گیا تو وہ ہر تین ماہ بعد آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے اور خود ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کا جائزہ لیں گے،آج کوہالہ سے مظفرآباد تک آتے ہوئے میں مریم نواز سے کہہ رہا تھا کہ یہ سڑک آج بھی ویسی ہی ہے جیسی 10، 20 اور 30 سال پہلے تھی،پاکستان میں موٹرویز بن گئیں،ایکسپریس ویز بن گئیں پھر کوہالہ سے مظفرآباد موٹروے کیوں نہ بن سکی؟میری خواہش ہے کہ مانسہرہ سے مظفرآباد اور مظفرآباد سے میرپور تک دریائے جہلم کے ساتھ ایک خوبصورت موٹروے بنے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتے ہیں اور ماضی اس کا گواہ ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد آنے والوں نے ترقی کا سفر روک دیا اور ملک کو نقصان پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ موقع ملا تو وہ ملک اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔جلسے کے آغاز میں نواز شریف نے سٹیج انتظامات پر ناراضی کا اظہار بھی کیا تاہم مجموعی طور پر خطاب میں انہوں نے عوامی حمایت حاصل کرنے اور انتخابی فضا کو گرم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔یہ جلسہ آئندہ انتخابات کے تناظر میں مسلم لیگ ن کی مہم کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز