Home » آزاد کشمیر کے عوام کا اعتماد نہیں توڑیں گے،پنجاب کی طرح کشمیر بھی بدلیں گے،نواز شریف کا خطے کیلئے بڑا ترقیاتی پلان

آزاد کشمیر کے عوام کا اعتماد نہیں توڑیں گے،پنجاب کی طرح کشمیر بھی بدلیں گے،نواز شریف کا خطے کیلئے بڑا ترقیاتی پلان

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

مری(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابی نتائج کے بعد پارٹی کی پارلیمانی قیادت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ہے اور اب اس اعتماد کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچنی چاہیے،جس طرح پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کے ذریعے تبدیلی لانے کی کوشش کی گئی،اسی طرز پر آزاد کشمیر کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق مری کے پر فضا مقام پر منعقدہ آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو مبارکباد دی جبکہ ناکام رہنے والے امیدواروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں بعض امیدواروں کی شکست کا افسوس ہے تاہم ایک نشست کے نتیجے سے حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے اور شکست کی وجوہات کا سیاسی و تنظیمی سطح پر جائزہ لینا چاہیے۔نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے دو انتخابی مراحل میں مسلم لیگ ن کو اکثریت حاصل ہوچکی ہے اور مجموعی انتخابی پیش رفت پارٹی کے لیے حوصلہ افزا ہے،اب اصل امتحان انتخابی کامیابی کو عوامی خدمت میں تبدیل کرنا ہے،کیونکہ اگر حکومت عوامی توقعات پر پورا نہ اتری تو ووٹرز بددل ہوسکتے ہیں۔مسلم لیگ ن کے صدر نے آزاد کشمیر میں سیاسی ماحول کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، ماضی میں سیاسی مخالفین کے ساتھ بھی احترام کا رویہ اختیار کیا گیا اور آزاد کشمیر جیسے حساس خطے میں سیاسی تلخی کو بڑھنے نہیں دینا چاہیے۔
نواز شریف نے بعض سیاسی بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان احترام اور برداشت کا ماحول برقرار رہنا چاہیے، آزاد کشمیر کا سیاسی ماحول روایتی طور پر نسبتاً پرسکون رہا ہے اور اسے محاذ آرائی کی طرف لے جانا کسی کے مفاد میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پنجاب میں ہونے والی ترقی کو دیکھ رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے خطے میں بھی بہتر سڑکیں،ہسپتال،تعلیمی سہولیات،روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوں،آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کو سیاسی ترجیحات میں نمایاں مقام دینا ہو گا۔سابق وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے لیے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ صنعت اور سیاحت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے،پہاڑی خطے کی جغرافیائی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جدید سفری اور انتظامی سہولیات ناگزیر ہیں۔

نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو ہیلی کاپٹر فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ دشوار گزار علاقوں تک رسائی،ہنگامی حالات اور انتظامی امور میں سہولت پیدا ہوسکے،پہاڑی علاقوں میں کئی مقامات تک فوری رسائی زمینی راستوں سے مشکل ہوتی ہے،اس لیے فضائی سہولت اہم ضرورت ہے۔انہوں نے آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ پروگرام شروع کرنے کی تجویز بھی دی تاکہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم،جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مواقع تک بہتر رسائی حاصل ہوسکے۔نواز شریف کے مطابق تعلیم اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی طویل مدت میں خطے کے انسانی وسائل کو مضبوط بناسکتی ہے۔نواز شریف نے زرعی شعبے کے لیے بھی اقدامات پر زور دیتے ہوئے آزاد کشمیر میں کسان کارڈ کے اجرا کی تجویز دی۔ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو زرعی سہولیات،مالی معاونت اور جدید زرعی وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ دیہی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے آزاد کشمیر میں سی پیک طرز کے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ،روزگار کے نئے مواقع پیدا اور مقامی معیشت کو وسعت دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی صرف سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ تعلیم،صحت،صنعت،سیاحت،زراعت،روزگار اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی یکساں پیش رفت ضروری ہے ۔نواز شریف نے پنجاب میں ہونے والی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھنے میں کردار ادا کیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس عمل کو آگے بڑھا رہی ہیں،یہی تجربہ آزاد کشمیر میں بھی مقامی ضروریات کے مطابق استعمال کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے رہنماوں اور کارکنوں کی محنت کو سراہتے ہوئے امیر مقام اور رانا ثناءاللہ کی انتخابی سرگرمیوں کی خصوصی تعریف کی۔ نواز شریف نے کہا کہ امیر مقام نے انتخابی مہم ایسے انداز میں چلائی جیسے وہ خود امیدوار ہوں۔انہوں نے خواجہ سعد رفیق،انوشہ رحمان،طارق فضل چوہدری،طلال چوہدری اور مرتضیٰ جاوید عباسی سمیت دیگر رہنماوں کی خدمات کو بھی سراہا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اب انتخابی کامیابی کو عوامی خدمت میں تبدیل کرنا ہو گا،عوامی اعتماد صرف انتخاب جیتنے سے حاصل نہیں رہتا بلکہ اسے کارکردگی،شفاف حکمرانی،ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے ذریعے برقرار رکھنا پڑتا ہے۔ملکی معیشت کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت اقتصادی مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے،حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان معاشی طور پر اپنے پاوں پر کھڑا ہو اور بیرونی مالی انحصار کم کرے۔نواز شریف نے کہا کہ جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو ملک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا تھا تاہم اب حالات میں بتدریج بہتری آنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے معاشی خودمختاری اور مستقبل میں عالمی مالیاتی اداروں پر انحصار کم کرنے کو قومی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔مسلم لیگ ن کے صدر نے آزاد کشمیر کی قیادت پر زور دیا کہ انتخابی کامیابی کے بعد اب فوری طور پر عوامی مسائل کے حل،ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے واضح حکمت عملی تشکیل دی جائے،آزاد کشمیر کے عوام کے اعتماد کو عملی کارکردگی کے ذریعے مضبوط بنانا ہی نئی سیاسی قیادت کا اصل امتحان ہو گا،مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں عوامی فلاح،معاشی سرگرمیوں،تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ذریعے خطے کو ترقی کے سفر میں ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی کوشش کرے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز