مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ کے دوران پوری پاکستانی قوم، بالخصوص کشمیری عوام، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور اجتماعی دعاوں،عزم اور یکجہتی کے نتیجے میں پاک فوج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران پورے ملک اور کشمیریوں نے افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعائیں کیں،جن کی بدولت دشمن کو موثر اور فیصلہ کن جواب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے پیشہ ورانہ صلاحیت،جرات اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کے نقشے پر ایک عظیم مقام دلائیں گے اور وہ دن ضرور آئے گا جب مقبوضہ کشمیر آزادی حاصل کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے کو اپنی آواز بنایا ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور شبانہ روز جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنانا ہے،صلاحیت اور محنت کسی جسمانی کمزوری کی محتاج نہیں ہوتیں۔انہوں نے خصوصی بچے افشین زاہد کی جدوجہد اور کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت سے ہر فرد معاشرے میں اپنا مقام بنا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے رشوت قرار دیا،حالانکہ نواز شریف کے دور میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے اور ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش یا ناانصافی کی بنیاد پر نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر لیپ ٹاپ رشوت ہوتے تو انہی پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوان ڈاکٹر،انجینیئر،سائنسدان اور اساتذہ نہ بنتے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران لیپ ٹاپ سکیم نے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے تسلسل میں اہم کردار ادا کیا۔طلبہ نے آن لائن تعلیم حاصل کی اور معاشی مشکلات کے باوجود آگے بڑھتے رہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ کوئی عام مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہے جو نوجوانوں کو ترقی اور خود انحصاری کی راہ دکھاتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں چار دانش سکولوں کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بعض دانش سکول تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ منصوبے بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کا معیار عالمی سطح کے اداروں کے برابر بلکہ بعض حوالوں سے بہتر ہو گا،جہاں غریب مگر ہونہار طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں ایک دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی جو ٹیکنالوجی پر مبنی ادارہ ہو گا،جہاں مصنوعی ذہانت (AI)، انفارمیشن ٹیکنالوجی،ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور جدید لیبارٹریز پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔وزیراعظم نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے قابل اور مستحق طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں گے تا کہ کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی رکاوٹ کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیپ ٹاپس کی فراہمی دراصل طلبہ و طالبات کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے اور نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی،عظمت اور خوشحالی کے لیے قوم نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور انہی قربانیوں کے تسلسل سے پاکستان ایک مضبوط،خوشحال اور باوقار ریاست بنے گا۔