لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)واہگہ بارڈر پر معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے سے چند دن پہلے منعقدہ خصوصی تقریب میں قومی جوش و جذبے اور وطن سے محبت کا غیر معمولی مظاہرہ دیکھنے میں آیا،جہاں پاک فوج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں،طلبا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جبکہ تقریب میں افواج پاکستان کے حق میں جذباتی مناظر اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار دیکھنے کو ملا۔
ایگزو نیوز کے مطابق واہگہ بارڈر پر معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونےسے چند دن پہلے ایک خصوصی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں پاک فوج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔یہ تقریب قومی یکجہتی،حب الوطنی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے جذبے سے بھرپور رہی۔تقریب میں قومی ہیروز،سیاستدانوں،طلبا، مذہبی رہنماوں اور اقلیتی برادری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،جس نے اس موقع کو ایک قومی جشن کی شکل دے دی۔ شرکاء نے خصوصی پریڈ میں گہری دلچسپی لی اور افواج پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شرکاء نے ”پاک فوج زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ ماحول جوش و جذبے سے گونجتا رہا۔
تقریب کے دوران یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے گئے اور معرکہ حق کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ممتاز عالم دین اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جس پر ہر ایک پاکستانی کو ناز ہے،دشمن کے چھکے چھڑا کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر کے پاک فوج نے ہر ایک پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔اللہ پاک نے معرکہ حق میں ہمیں فتح عطا کی اور دشمن کو شکست نصیب ہوئی،یہ معرکہ ثابت کرتا ہے کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حوصلے،حکمت اور مضبوط ذہن سے جیتی جاتی ہیں۔تقریب کا اختتام قومی اتحاد،امن اور استحکام کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔