معروف پاکستانی تھیٹر اداکار اور کامیڈین نسیم وکی نے انکشاف کیا کہ بھارتی شو کامیڈی نائٹس ود کپل میں کام کرنا ان کے کیریئر کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
ساتھی کامیڈین اور میزبان احمد علی بٹ کے ساتھ ایک حالیہ پوڈ کاسٹ کے دوران، نسیم نے سرحد پار کام کرنے کے بعد ساتھیوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
نسیم نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے پر انہیں تعریف سے زیادہ تنقیدی کا سامنا کرنا پڑا۔
دو ساتھی اداکاروں اور میزبانوں کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا، میں ان کا احترام کرتا ہوں، لیکن ان کے تبصروں سے ایسا لگتا ہے کہ سرحد کے اس پار کام کرنا کوئی بڑی کامیابی نہیں ہے۔ ان میں سے ایک کو میں ذاتی طور پر نہیں جانتا۔
کامیڈین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں شرمندہ ہوں۔ کامیڈی نائٹس ود کپل میں شرکت سے مجھے کوئی فائدہ یا پہچان نہیں ملی، اس کے بجائے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کی میری کوششوں پر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لوگوں نے سوال کیا کہ میں نے وہاں کیا حاصل کیا۔