لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے دوران راولپنڈی کی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں تاہم اس پیش رفت نے محض ایک سپورٹس خبر سے بڑھ کر ایک وسیع تر تنازع کی شکل اختیار کر لی ہے،نسیم شاہ کی فٹنس اور ٹیم سے علیحدگی کو اس حالیہ متنازع سوشل میڈیا واقعے کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جس نے پہلے ہی انہیں خبروں کا مرکز بنا رکھا تھا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے اہم مرحلے میں راولپنڈی کی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ایونٹ سے باہر ہو گئے۔نسیم شاہ حالیہ دنوں ایک متنازع سوشل میڈیا واقعے کے باعث بھی خبروں میں رہے،جس میں ان کے اکاونٹ سے ایک حساس نوعیت کی پوسٹ سامنے آئی بعد ازاں اسے ہیکنگ قرار دے کر معاملہ ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔اس پس منظر میں ان کی انجری اور ٹیم سے علیحدگی نے خبروں کے زاویے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے،جہاں کارکردگی، نظم و ضبط اور میڈیا مینجمنٹ سب زیر بحث آ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد کے دوران نسیم شاہ کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے ایک متنازع پیغام سامنے آیا تھا،جس میں پروٹوکول سے متعلق سوال اٹھایا گیا۔ بعد ازاں اس پوسٹ کو حذف کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ اکاونٹ ہیک ہو گیا تھا تاہم یہ وضاحت تنازع کو مکمل طور پر ختم نہ کر سکی اور کمیٹی نے انہیں دو کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔جس کے فوری بعد کراچی کے خلاف میچ میں نسیم شاہ مبینہ طور پر سائیڈ انجری کا شکار ہوئے اور بولنگ کے دوران تکلیف محسوس کرتے رہے اور بالآخر میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔بعد ازاں طبی معائنے میں انہیں فوری آرام کا مشورہ دیا گیا،جس کے باعث اب وہ ایونٹ سے مکمل طور پر باہر ہو گئے ہیں۔
سوشل اور سپورٹس حلقوں میں اس معاملے کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے۔ بعض مبصرین اسے محض ایک بدقسمت انجری قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ ناقدین کے مطابق وقت اور حالات کا یہ تقارن کئی سوالات کو جنم دیتا ہے،ان کے مطابق ایک اہم میچ کے دوران انجری،اس کے بعد فوری آرام کا فیصلہ اور حالیہ تنازع،یہ تمام عوامل ایک ساتھ سامنے آنے سے معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے۔ٹیم انتظامیہ کا موقف ہے کہ نسیم شاہ کو کراچی کے خلاف میچ میں سائیڈ انجری لاحق ہوئی اور طبی معائنے کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا جبکہ بحالی کے عمل کی نگرانی جاری ہے تاہم ناقدین سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا کھلاڑی کی فٹنس صورتحال پہلے سے معلوم تھی اور کیا ٹیم مینجمنٹ نے کسی دباو کے تحت فیصلے کیے؟راولپنڈی کی ٹیم،جو اس سیزن میں اپنی نئی شناخت کے ساتھ میدان میں اتری ہے،اپنے اہم ترین فاسٹ بولر کی غیر موجودگی سے واضح طور پر متاثر ہو سکتی ہے،نسیم شاہ نہ صرف نئی گیند سے وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ درمیانی اوورز میں بھی ٹیم کے لیے دباو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ایسے میں ان کی عدم دستیابی ٹیم کی حکمت عملی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے،خاص طور پر ایونٹ کے اہم مقابلوں میں۔مزید برآں اس واقعے نے پیشہ ورانہ کھیلوں میں کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا استعمال،ادارہ جاتی نظم و ضبط اور بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔ایک طرف ٹیم اپنے اہم بولر کی عدم موجودگی کے باعث مشکلات کا شکار ہے تو دوسری جانب تنازع نے توجہ کھیل سے ہٹا کر دیگر پہلووں پر مرکوز کر دی ہے تاہم پس منظر میں جاری بحث اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ معاملہ صرف ایک کھلاڑی کی فٹنس تک محدود نہیں رہا بلکہ کھیل،سیاست اور میڈیا کے باہمی تعلق کا ایک پیچیدہ عکس بن چکا ہے۔