لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے عالمی اور ملکی حالات پر شدید تنقید کی اور پاکستانی حکمرانوں کے امریکی اثر و رسوخ کے پیچھے دوڑنے کو غیر جمہوری اور ملک دشمن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی عدالت کے مجرم نیتن یاہو کو تحفظ دے رہا ہے اور وینزویلا کے صدر و خاتون اول کو اغوا کرنے کے باوجود ہمارے حکمران ٹرمپ کی آشیرباد کے حصول کے لیے بے تاب ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں جامعہ علوم مرکز اسلامیہ منصورہ کے سالانہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دنیا کا موجودہ نظام ظلم پر قائم ہے اور ”جس کی لاٹھی اس کی بھینس“ کا اصول رائج ہے، امریکی صدر کی نظریں ان ممالک پر ہیں جہاں تیل کے ذخائر موجود ہیں اور وینزویلا کے صدر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کے جائز حقوق تسلیم نہیں کیے جائیں تو صورتحال پھٹ پڑتی ہے اور حکمرانوں کے لیے فرار کے راستے بند ہو جاتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے ملک میں علماءکرام کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علما کرام دین کے پیغام کو معاشرے تک پہنچائیں اور سید ابو الاعلیٰ مودودی کی تحریک کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد کسی مصنوعی عظمت کا حصول نہیں بلکہ دین کے مکمل نظام کو ریاست، سیاست اور معاشرت میں نافذ کرنا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے طلبہ کو نصیحت کی کہ علم کے ساتھ عاجزی اور والدین و اساتذہ کی خدمت لازمی ہے۔ انہوں نے دورہ حدیث مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ علم حاصل کرنے کے بعد کبھی یہ گمان نہیں کرنا چاہیے کہ سب کچھ حاصل ہو گیابلکہ حق کا علم حاصل کرنے کے لیے باطل کے نظریات کو جاننا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوامی نمائندگی کے حق کو مسلسل سلب کیا جا رہا ہے، پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون جمہوریت دشمن ہے اور لیویز کے قیام اور پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے عوام پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو شعور دینے اور ظلم کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔حافظ نعیم الرحمان نے عالمی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں عوامی ردعمل کی مثال سے واضح ہوتا ہے کہ جب لوگوں کے جائز حقوق نہیں دیے جاتے تو وہ قانونی طور پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام مسالک کی تکریم کرتی ہے لیکن کسی مسلک کی نمائندہ نہیں ہے اور امت کو مشترکات پر اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔
وینزویلا اور امریکی سیاست پر تنقید،پاکستانی حکمران ٹرمپ کی آشیرباد کے لیے بے تاب،حافظ نعیم الرحمان کا تہلکہ خیز بیان
6