اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)نادرا نے شہریوں کے شناختی کارڈ ڈیٹا کے تحفظ اور شفافیت کے لیے نئی ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے اب شہری خود نگرانی کر سکیں گے کہ ان کا شناختی ڈیٹا کہاں اور کس مقصد کے لیے استعمال ہوا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نادرا کی جانب سے اس جدید ایپ میں ڈیٹا ویری فکیشن کی مکمل تاریخ دستیاب ہوگی، جس میں واضح ہوگا کہ کس ادارے نے، کب اور کس نوعیت کی تصدیق کی؟ اس اقدام سے شہری اپنے شناختی ڈیٹا پر موثر چیک اینڈ بیلنس قائم کر سکیں گے اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر مجاز تصدیق کی روک تھام ممکن ہو گی۔نادرا حکام نے بتایا کہ ایپ کے ذریعے پرائیویسی اور ڈیٹا سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا جبکہ سائبر کرائم اور جعلی تصدیقی کیسز کی حوصلہ شکنی بھی ممکن ہوگی۔ شہری پہلی بار اپنے شناختی ڈیٹا کے استعمال کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر سکیں گے اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری نشاندہی کر سکیں گے۔اس ایپ کے ذریعے شہریوں کو نہ صرف اپنی شناخت کی حفاظت میں مدد ملے گی بلکہ یہ نادرا کے ڈیٹا انفراسٹرکچر میں شفافیت اور اعتماد بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایپ کو ڈاون لوڈ کر کے اپنے شناختی کارڈ ڈیٹا کی نگرانی یقینی بنائیں تا کہ کسی بھی غیر قانونی یا مشکوک استعمال سے محفوظ رہیں۔یہ اقدام نادرا کی جانب سے شناختی ڈیٹا کی حفاظت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ڈیٹا سیکیورٹی مضبوط ہوگی بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
نادرا نے متعارف کرائی شناختی کارڈ ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ،شہری اب خود نگرانی کر سکیں گے
3