Home » اربوں روپے کا کوہستان سکینڈل،نیب نے تھوک کے حساب سے گرفتاریاں شروع کر دیں،تہلکہ خیز انکشافات

اربوں روپے کا کوہستان سکینڈل،نیب نے تھوک کے حساب سے گرفتاریاں شروع کر دیں،تہلکہ خیز انکشافات

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

پشاور(بیورو رپورٹ)پشاور(ایگزو بیورو رپورٹ)قومی احتساب بیورو (نیب)نے اربوں روپے کے کوہستان میگا کرپشن سکینڈل میں تھوک کے حساب سے گرفتاریاں شروع کر دی ہیں،اب تک کی اطلاعات کے مطابق نیب نے سکینڈل میں ملوث 8 اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں 2 سرکاری افسر،2 بینکر ز اور 4 ٹھیکیدار شامل ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جا رہے،نیب نے تہلکہ خیز کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے اثاثے،لگژری گاڑیاں،فلیٹ،زرعی اراضی،غیر ملکی کرنسی،تین کلو سونا اور دیگر قیمتی اشیاء قبضے میں لے لی ہیں ۔
ایگزو نیوز کے مطابق نیب نے خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے مالیاتی کرپشن میگا سکینڈل کو با ضابطہ طور پر تحقیقات میں تبدیل کرتے ہوئے تفتیش کا سلسلہ مزید وسیع کر دیا ہے جبکہ سکینڈل میں ملوث آٹھ اہم ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے،ذرائع کی جانب سے اس میگا کرپشن سکینڈل میں مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔نیب کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں میں شفیق الرحمان قریشی(ڈسٹرکٹ اکاونٹ آفیسر)،محمد ریاض(سابق کیشیئر بینک اور ڈمی کنٹریکٹر)،فضل حسین(آڈیٹر،اے جی آفس پشاور)،طاہر تنویر (سابق بینک مینجر)،دوراج خان(ٹھیکیدار)،عامر سعید(ٹھیکیدار)،صوبیدار(ٹھیکیدار)اور محمد ایوب(ٹھیکیدار)شامل ہیں۔ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی بلنگ،مالیاتی دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے کی خرد برد کی اور مواصلات و تعمیرات(سی اینڈ ڈبلیو)ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ ملی بھگت سے بے نامی اکاونٹس اور جعلی فرمز کے ذریعے فنڈز منتقل کیے۔

سرکاری دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ شفیق الرحمان قریشی(ڈسٹرکٹ اکاونٹ آفیسر)نے اپر کوہستان میں جعلی ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ ہیڈ G-10113 کے تحت جعلی ٹریژری چیکوں کی منظوری اور دستخط میں مرکزی کردار ادا کیا۔ذرائع کے مطابق کوہستان میگا کرپشن کیس میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں جبکہ بڑے نام بے نقاب ہو گئے ہیں،کنٹریکٹر محمد ایوب نے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش اعظم سواتی سمیت دیگر با اثر افراد سے ڈیلز کا انکشاف کیا ہے۔نیب نے کارروائی کے دوران 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور منجمد کیے ہیں،نیب نے ایک ارب روپے سے زائد نقد رقم،غیر ملکی کرنسی اور 3 کلو گرام سونا برآمد کر کے ضبط کر لیا اور 73 بینک اکاونٹس منجمد کر دیئے ہیں جن میں سے 5 ارب روپے کی رقم بر آمد کی گئی۔نیب نے کارروائی کے دوران 77 لگژری گاڑیاں برآمد کیں جن میں نئی ماڈل کی مرسڈیز،بی ایم ڈبلیو، آوڈی،پورش،لیکسز،ریوو،مارک ایکس،لینڈ کروزر اور فار چیونر شامل ہیں،ان قیمتی گاڑیوں کی کل مالیت 94 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔کارروائی کے دوران 30 رہائشی گھر،25 فلیٹس، 12 کمرشل پلازے،12 دکانیں اور 4 فارم ہاوسز نیب نے قبضے میں لے لیے ہیں،ضبط کی گئی جائیدادوں میں پینٹ ہاوسز اور 175 کنال زرعی اراضی بھی شامل ہے،اس میگا کرپشن سکینڈل میں نیب کی جانب سے کل 109 جائیدادیں راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور،ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں ضبط کی گئیں،ضبط شدہ املاک کی مجموعی مالیت 17 ارب روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز