قومی اسمبلی نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
ترمیمی بل وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی جانب سے پیش کیے جانے کے چند ہی منٹوں میں منظور کر لیا گیا کیونکہ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی واک آؤٹ کر چکی تھیں۔ بل کی منظوری کے خلاف صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آؤٹ بھی کیا۔ اس بل کا مقصد ملک میں سوشل میڈیا اور آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنا ہے۔
بل کے مطابق آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنے اور صارفین کے ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لیے ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے نام سے ایک نئی اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ جس کے پاس آن لائن مواد کو ہٹانے، ممنوعہ یا فحش مواد تک رسائی کو روکنے اور ایسے مواد کو شیئر کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار ہوگا۔