اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی پاکستان کے چھ روزہ اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے،جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، علامہ طاہر اشرفی، سینیٹر حافظ عبدالکریم، سینیٹر طلحہ محمود سمیت دیگرنے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔
ایگزو نیوز کے مطابق عالم اسلام کی اہم شخصیت اور سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی پاکستان کے چھ روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، ائیرپورٹ پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف،سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی،وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاالرحمن،چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہرمحمود اشرفی،سینیٹر حافظ عبدالکریم،سینیٹر طلحہ محمود اور رابطہ عالم اسلامی کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ سعد مسعود الحارثی بھی موجود تھے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عبدالکریم العیسی پاکستان کے چھ روزہ سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین مذہبی ہم آہنگی، انتہاپسندی کے خاتمے،اسلامی یکجہتی اور عالمی سطح پر امت مسلمہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی اپنے قیام کے دوران صدر مملکت،وزیر اعظم،وفاقی وزرا،علمائے کرام،مذہبی رہنماوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذہبی،فکری اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالکریم العیسی کا شمار مسلم دنیا کے موثر ترین علما اور بین الاقوامی سطح پر بین المذاہب مکالمے کے حامی رہنماوں میں ہوتا ہے،وہ اسلام کی اعتدال پسند تعلیمات اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے عالمی سطح پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستانی قیادت نے ڈاکٹر عبدالکریم العیسی کے دورے کو دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کے استحکام کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ دورہ پاکستان، سعودی عرب اور رابطہ عالم اسلامی کے درمیان نئے تعاون کے دروازے کھولے گا۔