Home » مشتاق احمد خان کو صہیونی قید سے رہائی مل گئی،اردن پہنچتے ہی دبنگ بیان جاری کر دیا

مشتاق احمد خان کو صہیونی قید سے رہائی مل گئی،اردن پہنچتے ہی دبنگ بیان جاری کر دیا

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

اردن(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد خان نے اسرائیلی فورسز کی حراست سے رہائی کے بعد اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور وہ ایک بار پھر اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جائیں گے۔ رہائی کے بعد جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے تقریباً 150 ساتھیوں کے ساتھ اردن پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ پانچ سے چھ روز تک اسرائیلی جیل میں رہنے کے بعد رہائی پانے میں کامیاب ہوئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق مشتاق احمد خان کے مطابق اسرائیلی حراست کے دوران انہیں اور ان کے ساتھیوں کو بدترین تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ قید کے دوران ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں، پیروں میں بیڑیاں اور آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں۔ قیدیوں کے اوپر بندوقیں تانی گئیں، ان پر کتے چھوڑے گئے اور انہیں مسلسل ذہنی و جسمانی اذیت میں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بنیادی مطالبات کے حق میں تین روز تک بھوک ہڑتال کی، مگر اس دوران انہیں پانی، ہوا اور طبی سہولیات تک رسائی سے محروم رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ انہیں غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کے باعث برداشت کرنا پڑا۔ مشتاق احمد خان کے مطابق وہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے وفد کے ہمراہ انسانی بنیادوں پر امداد لے کر غزہ کی طرف جا رہے تھے، تاہم اسرائیلی فورسز نے بین الاقوامی پانیوں میں ان کے بحری قافلے کو روک کر تمام رضاکاروں کو گرفتار کرلیا۔رہائی کے بعد اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ “ہم نے یہ سفر انسانیت اور فلسطینی عوام کے لیے شروع کیا تھا، قید اور تشدد ہمیں ہماری راہ سے نہیں ہٹا سکتا۔ ہم اس ظلم کے خلاف بولتے رہیں گے اور اسرائیلی محاصرے کو بار بار توڑنے کی کوشش کریں گے۔” انہوں نے کہا کہ وہ جلد پاکستان واپس آئیں گے اور اسرائیلی جیلوں میں پیش آنے والے حالات اور فلوٹیلا مشن کی تمام تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں گے۔پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے سابق سینیٹر کی رہائی اور اردن میں محفوظ منتقلی کی تصدیق کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے ان کی اور دیگر کارکنوں کی رہائی میں معاونت فراہم کی۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق حکومت نے سفارتی ذرائع سے مستقل رابطہ رکھا اور تمام پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کیے۔واقعے کے بعد ملکی و بین الاقوامی سطح پر مختلف سیاسی و انسانی حقوق کی تنظیموں نے مشتاق احمد خان اور دیگر کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کی ہے۔ کئی عالمی اداروں نے اسرائیل سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ “اڈیالہ جیل سے لے کر اسرائیلی جیل تک مزاحمت جاری رہی اور یہ مزاحمت اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو جاتا۔” ان کے بقول، وہ اپنی جدوجہد کو “انسانیت کی بقا اور انصاف کی جنگ” سمجھتے ہیں اور دنیا کے سامنے اسرائیلی مظالم کی حقیقت بے نقاب کرتے رہیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز