کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے بیان کے دفاع میں سامنے آتے ہوئے مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ بعض حلقے غیر ضروری پروپیگنڈے کے ذریعے سیاسی شخصیات اور کراچی کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق زمینی حقائق اس بیانیے کے برعکس ہیں اور شہر میں ہونے والی بہتری واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے ویڈیو پیغام پر تنقید اور کراچی کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عناصر شہر کی مثبت پیش رفت کو نظر انداز کر کے منفی بیانیہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری وہ شخصیت ہیں جنہوں نے ملک کے مشکل ترین ادوار میں ”پاکستان کھپے“ کا نعرہ لگایا اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا۔ ان کے مطابق صدر مملکت نے چین کے ساتھ مل کر سی پیک جیسے اہم منصوبے کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا،جسے آج ملک کی معاشی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیا جاتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بڑے فیصلوں کے اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچتے ہیں، اور سی پیک اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے بارے میں منفی تاثر پھیلانے کے بجائے شہر کی حقیقت کو دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جہاں پورے پاکستان سے لوگ روزگار کے لیے آتے ہیں۔انہوں نے کراچی اور لاہور کے تقابلی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایک ایسا شہر ہے جہاں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں، اور یہ شہر سب کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ان کے مطابق ماضی میں کراچی کو دنیا کے خطرناک شہروں میں شمار کیا جاتا تھا تاہم اب صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور ٹارگٹ کلنگ و بھتہ خوری جیسے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں جن میں پاکستان کا پہلا انڈسٹریل واٹر پارک بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق صحت کے شعبے میں این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی جیسے ادارے پورے ملک کے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جہاں مختلف شہروں سے آنے والے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ کراچی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بہتری کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔