ممتاز زہرہ بلوچ، کو فرانس میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اعلان نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، جس میں کہا گیا کہ وہ جلد ہی نئی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ یہ پیش رفت حکومت کی جانب سے ایک سینئر سفارت کار شفقت علی خان کو دفتر خارجہ کا ترجمان مقرر کرنے کے فیصلے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے طور پر کام کرنے سے قبل، بلوچ جمہوریہ کوریا میں پاکستان کی سفیر (2020-2021) اور چین میں پاکستانی سفارت خانے میں وزیر/ ڈپٹی ہیڈ آف مشن (2015-2020) کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
وہ سفارت خانہ پاکستان، واشنگٹن ڈی سی (2006-2011) میں سیاسی امور کی کونسلر اور اقوام متحدہ، جنیوا (1999-2002) میں پاکستان کے مستقل مشن میں سیکنڈ سیکرٹری کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔
وزارت خارجہ، اسلام آباد میں انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا اور بحرالکاہل)، ڈائریکٹر (امریکہ)، ڈائریکٹر (سکیورٹی کونسل اینڈ ہیومن رائٹس) اور ڈائریکٹر (اسٹریٹجک پلاننگ) کے طور پر کام کیا۔
دو ہزار چودہ اور پندرہ کے دوران، محترمہ بلوچ نے ڈائریکٹر (اکیڈمک پروگرام) اور بعد میں فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، فلیچر سکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی، امریکہ سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور ایکول نیشنل ڈی ایڈمنسٹریشن، فرانس سے یورپین اسٹڈیز اینڈ پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈگری حاصل کی۔