بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور اُن سے 50 لاکھ روپے مانگنے والا شخص بھی ممبئی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے منگل کے روز چھتیس گڑھ کے ایک وکیل فیضان خان کو مبینہ طور پر شاہ رخ خان کو دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ رائے پور میں رہنے والے فیضان نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ اس کا فون 2 نومبر کو گم ہو گیا تھا اور اس نے پہلے ہی اس کی شکایت درج کرائی تھی۔ فری پریس جرنل کے مطابق فیضان نے الزام لگایا کہ اس کے نمبر سے کی گئی کال اسے پھنسانے کی سازش تھی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے جب ممبئی پولیس نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا تو اُس نے بھی یہی کہا تھا کہ میرا موبائل چوری ہوگیا تھا اور اس دھمکی سے اُس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔