لندن(ایگزونیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی قید سے متعلق بیٹوں سلمان اور قاسم خان نے سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ ان کے والد کو اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے جہاں حالات انتہائی خراب اور غیر انسانی ہیں، روشنی ناکافی، پانی محدود اور مجموعی ماحول ذہنی و جسمانی اذیت کا باعث ہے، عمران خان کبھی بھی آزادی کے بدلے کوئی ڈیل نہیں کریں گے ، پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا ان کی زندگی کا مقصد ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اپنی والد کی حالت اجاگر کرنے کے لیے جنوری میں پاکستان آنے اور سیاسی و انسانی حقوق کی مہم چلانے کا اعلان کیا تاکہ دنیا جان سکے کہ ملک کے سب سے مقبول رہنما کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان اور سلیمان خان نے عالمی میڈیا کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے والد کی قید سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، جہاں حالات انتہائی خراب ہیں،سیل میں روشنی ناکافی، سہولیات محدود اور مجموعی ماحول نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی شدید اذیت کا سبب بن رہا ہے، قیدی اکثر بجلی کی بندش، صاف پانی کی عدم دستیابی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار سے مطابقت نہ رکھنے والے حالات میں رہنے پر مجبور ہیں۔قاسم خان نے کہا کہ میرے والد کو ڈیتھ سیل میں رکھ کر ذہنی طور پر تشدد کیا جا رہا ہے، مجھے خوف ہے کہ میں شاید انہیں دوبارہ نہ دیکھ سکوں، وہ گزشتہ دو برس سے تنہائی میں ہیں، انہیں گندا پانی دیا جاتا ہے اور ان کے آس پاس ایسے قیدی ہیں جو ہیپاٹائٹس سے متاثر ہیں،انہیں کسی بھی قسم کے انسانی رابطے سے مکمل طور پر کاٹ دیا گیا ہے۔بیٹوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی مقبولیت حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے لیے خطرہ ہے اور اسی وجہ سے انہیں اس حد تک جیل میں رکھا گیا ہے تاکہ اقتدار پر ان کا اثر محدود کیا جا سکے۔ قاسم خان نے بتایا کہ والد کی طویل قید پورے خاندان پر شدید اثر ڈال چکی ہے اور بیرون ملک ہونے کی وجہ سے وہ خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پاکستان آ کر حالات کا براہِ راست جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔قاسم اور سلیمان خان نے جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت ویزا کی منظوری کے منتظر ہیں تاکہ اپنے والد کو جیل سے باہر لایا جا سکے اور ان کے حقوق کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے جا سکیں۔ دونوں نے اپنے والد کی سیاسی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آج بھی وہ اسی عزم کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔بیٹوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کرپٹ لوگ ہیں، اخلاقی طور پر انتہائی پستی میں گر چکے ہیں،حکومت اور اسٹیبلشمنٹ مکمل طور پر بدعنوان ہیں اور اقتدار میں رہنے کے لیے ہر غیر قانونی اور گھٹیا حرکت سے دریغ نہیں کرتے،عالمی سطح پر بھی یہ سب واضح ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے نوبل انعام کے موقع پر بھی ان کی گھٹیا حرکتیں سامنے آئیں۔قاسم اور سلیمان خان نے اعلان کیا کہ وہ جنیوا اور برسلز کے دورے کریں گے تاکہ عالمی سیاسی رہنماو¿ں کو یہ بتا سکیں کہ عمران خان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ عالمی برادری عمران خان کی قید اور موجودہ صورتحال سے آگاہ ہو اور انسانی حقوق کے احترام کے لیے اقدامات کرے۔
عمران خان کی زندگی خطرے میں، بیٹوں سلمان اور قاسم نے سنگین خدشات ظاہر کرتے ہوئے بڑی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا
74