Home » صوبوں کی تقسیم غداری نہیں،آئینی حق،ایم کیو ایم کا عوامی ریفرنڈم اور آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ

صوبوں کی تقسیم غداری نہیں،آئینی حق،ایم کیو ایم کا عوامی ریفرنڈم اور آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرانے اور تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم کا تقاضا آئین پاکستان کرتا ہے جبکہ صوبوں کی تقسیم کو غداری قرار دینا درست نہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور مضبوطی کے لیے انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس کا قیام ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے محض انتظامی اکائیاں ہیں جبکہ اصل شناخت پاکستان ہے اور ملک ہی ناقابلِ تقسیم حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چاروں صوبے تاریخی طور پر لسانی اکائیوں کی نمائندگی کرتے ہیں تاہم وقت کے تقاضوں کے مطابق جہاں ضرورت ہو وہاں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے یا یونٹس قائم کیے جانے چاہئیں۔ان کے مطابق صوبوں کی تقسیم کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے اور اسے آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ہی آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے آئینی ترامیم کے لیے پارلیمنٹ میں بل بھی پیش کیا ہے،جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جا چکا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ایسی جمہوریت کے ثمرات محدود رہیں تو اس کی افادیت پر سوال اٹھتے ہیں،کیونکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بااختیار بلدیاتی نظام ناگزیر ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے،تیسری سطح کی بااختیار حکومتوں کے بغیر جمہوری نظام مکمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے ملک کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن معیشت اور معاشرت کو نقصان پہنچا رہی ہے جبکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی نظام میں بہتری اور احتساب کا موثر عمل ضروری ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور تمام جماعتوں کو اس عمل میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قیادت کے نئے مواقع پیدا کرنے اور خاندانی سیاست کے اثرات کم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اسلام آباد میں تاجروں اور صنعت کاروں کے اجتماع میں بھی ملک کے معاشی اور سیاسی مسائل کے حل پر گفتگو ہوئی،جس میں انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی جیسے نکات پر اتفاق کیا گیا،پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست اور اختیارات کے چند ہاتھوں میں ارتکاز ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔انہوں نے نئے انتظامی صوبوں کے معاملے پر آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت عوامی ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کی اور ملک گیر سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔ایم کیو ایم رہنماوں نے کہا کہ پارٹی یوم آزادی کی تقریبات ملک بھر میں منائے گی جبکہ یونین کونسل، ٹاون اور وارڈ کی سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز