لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پی ڈی ایم اے پنجاب نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز نور پور تھل میں 47 ملی میٹر، فیصل آباد میں 42 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 35 ملی میٹر اور لاہور میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور،راولپنڈی، گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔محکمہ آفات نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم اور چناب میں پانی کے بہاو میں اضافے کا خدشہ موجود ہے،جس سے نچلے علاقوں کے رہائشیوں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔اس صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی حالت کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب فلڈ بحالی سروے بھی تندہی سے جاری ہے۔اب تک ایک لاکھ 27 ہزار متاثرین اور 88 ہزار سے زائد کسانوں سے فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات اکٹھی کی جا چکی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق سروے کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے پاک فوج،اربن یونٹ اور ضلعی انتظامیہ مل کر کام کر رہے ہیں تا کہ ہر متاثرہ شخص کا ڈیٹا درست طور پر ریکارڈ کیا جا سکے۔حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروے متاثرین کی بروقت بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے جبکہ بارشوں کے نئے سلسلے کے باوجود متاثرہ علاقوں میں سروے ٹیموں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
پنجاب میں مزید بارشوں کا امکان،دریاوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ،پی ڈی ایم اے نے پیشگوئی کر دی
7