Home » ملک بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیلابی تباہی،اموات میں اضافہ،دریاوں میں طغیانی کا خدشہ

ملک بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیلابی تباہی،اموات میں اضافہ،دریاوں میں طغیانی کا خدشہ

by ahmedportugal
67 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے،جہاں پنجاب اور خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔حکام نے دریاوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور مزید طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے،جہاں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔گوجرانوالہ میں صورتحال خاصی تشویشناک ہے جہاں سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔شہر کا ماس ٹرانزٹ منصوبہ بھی شدید بارش کے باعث متاثر ہوا ہے۔گجرات،سیالکوٹ،منڈی بہاوالدین اور حافظ آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فیصل آباد کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے،جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں نے فلیش فلڈ کی شکل اختیار کر لی ہے،جہاں اب تک 18 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو چکے ہیں۔جاں بحق افراد میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،جو سیلابی ریلوں،گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں متاثر ہوئے۔پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع،جن میں پشاور،نوشہرہ،مردان،خیبر،بونیر،باجوڑ،شانگلہ،صوابی،چترال،دیر،ایبٹ آباد،مانسہرہ،تورغر،کرم اور وزیرستان شامل ہیں،شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متاثر ہوئے ہیں۔مجموعی طور پر 30 مکانات کو نقصان پہنچا،جن میں سے 7 مکمل طور پر تباہ جبکہ 23 کو جزوی نقصان پہنچا۔ریسکیو ادارے،ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے باہمی رابطے میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔شمالی وزیرستان میں دریائے ٹوچی میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث دو افراد بہہ گئے،جن کی لاشیں بعد ازاں مقامی افراد نے نکال لیں۔

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث پانی جمع ہونے اور سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔پنجاب میں دریاوں اور بیراجز پر پانی کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔مرالہ بیراج پر درمیانے درجے جبکہ خانکی بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ تریموں کے مقام پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے دروازے کھولے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاو میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،جس کے پیش نظر سیالکوٹ اور وزیرآباد سمیت ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور مقامی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی جا رہی ہے جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حساس مقامات سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن 1700 بھی جاری کر دی گئی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز