Home » یکم جولائی سے بارشوں کی یلغار،پھسلن زدہ سڑکیں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ،موٹروے پولیس کی سفر کرنے والوں کے لیے اہم وارننگ جاری

یکم جولائی سے بارشوں کی یلغار،پھسلن زدہ سڑکیں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ،موٹروے پولیس کی سفر کرنے والوں کے لیے اہم وارننگ جاری

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے یکم سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بھی بارشوں کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اہم حفاظتی رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بارش کے دوران موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ڈرائیونگ کرتے وقت خصوصی احتیاط برتنا انتہائی ضروری ہے،کیونکہ بارش کی وجہ سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں،جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رفتار کم رکھیں،گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور ہر صورت ہیڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔مزید برآں،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خدشات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کی صورت میں ہرگز سیلابی پانی سے گزرنے کی کوشش نہ کی جائے کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔موٹروے پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے اجتناب کرنے پر بھی زور دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔حکام کے مطابق شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہ صرف ان کی اپنی بلکہ دیگر مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہے،اس لیے موسمی حالات کے پیش نظر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز