لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک بھر میں مون سون کے طاقتور سلسلے نے پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں صورتحال تشویشناک بنا دی ہے۔لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد، گجرات سمیت صوبے کے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے،کئی سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں شدید بارش کے بعد مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا،جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ،گجرات اور دیگر اضلاع میں بھی بارش کا پانی کئی علاقوں میں داخل ہو گیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے اقدامات جاری ہیں۔مری میں مسلسل بارش کے باعث جھیکا گلی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی،جس سے سڑک متاثر ہوئی اور بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)نے مون سون کے نئے سلسلے کے پیش نظر مزید تین روز کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے۔حکام کے مطابق پنجاب کے علاوہ آزاد کشمیر،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں کلاوڈ برسٹ،گلیشیئر پگھلنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
وزیرآباد کے قریب نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے،جس کے باعث شہر کے مضافاتی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔حکام کے مطابق نالہ پلکھو میں پانی کا بہاو مسلسل بڑھ رہا ہے اور شام کے وقت تقریباً 4700 کیوسک پانی گزر رہا تھا۔نالہ پلکھو میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث وزیرآباد کے نشیبی علاقوں کے مکینوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔شہری انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔گزشتہ برس بھی شدید بارشوں کے دوران پلکھو نالے کا پانی وزیرآباد شہر کے بعض علاقوں میں داخل ہوگیا تھا۔دوسری جانب دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خانکی بیراج کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 38 ہزار 745 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 33 ہزار 765 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 26 ہزار 275 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 15 ہزار 785 کیوسک رہا۔ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 72 ہزار 69 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 62 ہزار 893 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر قصور میں بارش کے کھڑے پانی نے دو بچوں کی جان لے لی۔پولیس کے مطابق تھانہ راجہ جنگ کی حدود میں دو بچے نہانے کے لیے بارشی جوہڑ میں گئے جہاں ڈوبنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق بچوں کی شناخت 10 سالہ سعد علی اور 12 سالہ احسان کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچے اور ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران ندی نالوں، دریاوں،کھڑے پانی اور خطرناک مقامات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔