پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جانا چاہیے اور خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت و تعمیری اقدامات ناگزیر ہیں، بنگلہ دیش کے معاملے پر پاکستان کا موقف اصولی تھا اور اس میں کسی قسم کا ذاتی مفاد شامل نہیں تھا بلکہ مقصد صرف ایک کرکٹنگ ملک کو عزت دلانا اور اس کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو اجاگر کرنا تھا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے ٹیموں کی تعداد میں دو کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ اور رنر اپ کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر کرکٹ کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، قومی ٹیم میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی نمایاں تعداد اس امر کا ثبوت ہے کہ صوبہ ٹیلنٹ سے مالا مال ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر اکیڈمیز اور گراونڈز کی بہتری پر کام جاری ہے جبکہ پشاور ریجن میں دو نئی ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ علاقائی ٹیلنٹ کو زیادہ مواقع مل سکیں، پی ایس ایل میچز پشاور میں کرانے سے متعلق سوال پر انہوں نے عندیہ دیا کہ اس حوالے سے جلد خوشخبری متوقع ہے۔آئی سی سی مذاکرات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے سوا کوئی شرط نہیں رکھی۔ بعد ازاں آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش پر جرمانہ عائد نہ کرنے اور آئندہ ایونٹ کی میزبانی دینے جیسے فیصلے سامنے آئے، جس کے بعد پاک بھارت میچ کھیلنے کی راہ ہموار ہوئی۔امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں اور خیبرپختونخوا پولیس و سکیورٹی فورسز کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور کھیلوں کے فروغ — دونوں محاذوں پر پیش رفت جاری رکھی جائے گی۔
کھیل سیاست سے بالاتر،بنگلہ دیش کو عزت دلانا مقصد تھا،کوئی ذاتی مفاد نہیں،خطے میں کھیل کو فروغ دیں گے،محسن نقوی نے پالیسی واضح کر دی
24