لندن (ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی حالیہ پرفارمنس انہیں انتہائی دکھ ہوئی تاہم کرکٹ کے علاوہ دیگر معاملات بھی زیرِ غور ہیں جنہیں مناسب وقت پر دیکھا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی اور انگلینڈ میں جو کچھ ہوا، اس پر افسوس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاملہ صرف کارکردگی تک محدود نہیں،بعض دیگر امور بھی موجود ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ فی الحال کرکٹ کے علاوہ دیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو کرنے کا وقت نہیں آیا۔تنقید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ تنقید سے نہ پہلے گھبرائے ہیں اور نہ اب گھبراتے ہیں جبکہ ایسے افراد کی تنقید سے بھی انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا جنہوں نے خود کوئی نمایاں کام نہیں کیا۔
دوسری جانب محسن نقوی نے لندن میں برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم سے بھی ملاقات کی، جس میں کرکٹ کے علاوہ پاکستان میں امن و امان اور انسداد دہشتگردی کی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ارکان اور ٹیم آفیشلز کو کنگ چارلس کی دعوت پر شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاوس میں مدعو کیا گیا تھا،جہاں برطانوی بادشاہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور حکام سے ملاقات کی اور ان سے کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کی۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کنگ چارلس کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے متعارف کرایا۔اس موقع پر دونوں شخصیات کے درمیان کرکٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں انسداد دہشتگردی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔کنگ چارلس نے پاکستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات سے متعلق بھی گفتگو کی جبکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔
لندن میں محسن نقوی کی برطانوی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔وفاقی وزیر داخلہ نے برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی سے اہم ملاقات کی،جس میں پاکستان، افغانستان اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں محسن نقوی نے برطانوی حکام کو افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے اسلام آباد کے کردار سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے افغانستان سے متعلق سیکیورٹی چیلنجز اور ان کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بھی برطانوی فریق کو آگاہ کیا۔ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان افغانستان سمیت علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے خطے میں امن، استحکام اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔یوں محسن نقوی کے دورہ لندن کے دوران ایک جانب قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر پی سی بی چیئرمین کا موقف سامنے آیا جبکہ دوسری جانب برطانوی بادشاہ اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں کرکٹ،انسداد دہشتگردی،افغانستان اور علاقائی سیکیورٹی جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث رہے۔