دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ایشیا کپ کے سب سے بڑے معرکے پاکستان بمقابلہ بھارت سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی دبئی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے طویل ملاقاتیں کرکے حوصلہ افزائی کی۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی متحد ہوکر کھیلیں،دباو کو مثبت انداز میں استعمال کریں اور ملک کے نام کو روشن کریں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے اہم ترین مقابلے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی دبئی پہنچ گئے، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی عاقب جاوید بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق دونوں شخصیات نے قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی، جس میں کھلاڑیوں کو متحد رہنے، حوصلہ بلند رکھنے اور بہترین کارکردگی دکھانے کی تلقین کی گئی۔محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کے کندھوں پر پاکستان کے کروڑوں عوام کی امیدیں وابستہ ہیں، لہٰذا متحد ہوکر ایسا کھیل پیش کریں جس سے دنیا کو پاکستانی ٹیم کی صلاحیتوں کا بھرپور اندازہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ ذہنی طور پر مضبوط رہنا اور دباو کو مثبت انداز میں استعمال کرنا ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان سے بھی علیحدہ ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے دونوں رہنماوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت دی۔ اطلاعات کے مطابق بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے، جس پر حتمی فیصلہ میچ کے دن کیا جائے گا۔کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے اس دورے اور کھلاڑیوں سے براہِ راست ملاقات نے ٹیم کے حوصلے کو بلند کیا ہے، خصوصاً ایسے موقع پر جب روایتی حریف بھارت کے خلاف مقابلہ ہر کھلاڑی کے لیے ایک بڑے امتحان کی حیثیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی حوصلہ افزائی ٹیم کے مورال اور یکجہتی کو مزید تقویت دے گی، جس سے میدان میں شاندار کارکردگی کی توقع کی جا سکتی ہے۔
پاک بھارت ٹاکرے سے قبل ہی محسن نقوی دبئی پہنچ گئے،کھلاڑیوں کو متحد ہوکر کھیلنے اور دباو کو طاقت بنانے کا پیغام
6