بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی شرکت انجری کے باعث مشکوک ہوگئی۔
آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر کو چوتھے ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف ہوئی تھی۔ اس کے باوجود انہوں نے ٹیم کو فتح دلوانے کیلئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بولنک کی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ مچل اسٹارک کی تکلیف بڑھنے کی وجہ سے اُن کو پانچویں ٹیسٹ میں آرام دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 184 رنز سے شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا نے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن مہمان ٹیم کو دوسری اننگز میں 155 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔