تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی وزیر دفاع امیر نصیر زادہ اور پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور کی شہادت کے دعوے سامنے آئے ہیں تاہم اس حوالے سے تاحال با ضابطہ سرکاری تصدیق جاری نہیں کی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان ہلاکتوں کا دعویٰ اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے باخبر دو ذرائع اور ایک علاقائی ذریعے نے کیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے (ارنا) کے مطابق حملوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ جنوبی ایران کے شہر میناب میں ایک لڑکیوں کے اسکول پر حملے میں کم از کم 85 افراد کے جاں بحق ہونے اور 63 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق تہران سمیت کرمان شاہ، قم، اصفہان، تبریز، کرج اور کنارک میں مختلف عسکری اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی بحریہ کی تنصیبات اور بعض فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 30 سے زائد مقامات پر 50 سے زیادہ میزائل داغے گئے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جنوبی ایران میں بچیوں کے پرائمری اسکول پر دن دیہاڑے حملہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایک مقام پر درجنوں بچوں کی ہلاکت ہوئی اور ان جرائم کا حساب لیا جائے گا۔دوسری جانب ایران نے حملوں کے جواب میں اپنی کارروائی شروع کرتے ہوئے اسے “آپریشن وعدہ صادق 4” کا نام دیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خطے میں موجود کئی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی اڈوں کے علاوہ اسرائیل کے مرکزی فوجی مراکز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی افواج اور اسرائیلی حکومت کے خلاف کی جا رہی ہے اور اس کے تحت میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔ تاہم ان دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال نہایت تشویشناک ہو گئی ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے تحمل اور سفارتی حل کی اپیلیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
تہران سمیت متعدد شہروں پر میزائل حملے،ایرانی وزیر دفاع اور پاسداران سربراہ کی شہادت کی خبریں
22