لندن: مس انگلینڈ 2024، مِلا میگی نے بھارت کے شہر حیدرآباد میں جاری مس ورلڈ مقابلے سے اچانک علیحدگی اختیار کرلی، اور منتظمین پر غیر اخلاقی رویے کا الزام عائد کیا ہے۔
برطانوی اخبار دی سن کے مطابق مِلا میگی نے کہا کہ انہیں ایک "پرفارمنگ منکی” کی طرح پیش کیا گیا اور تقریب کے دوران ایسا محسوس ہوا جیسے وہ "جسم فروشی” کے لیے استعمال کی جا رہی ہوں۔
مِلا کا کہنا تھا کہ 7 مئی کو ایک تقریب میں انہیں کاروباری افراد کے ساتھ بیٹھ کر انہیں خوش رکھنے کو کہا گیا، جو کہ ان کے سماجی مشن اور ذاتی وقار کے خلاف تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں تفریح کا سامان بننے نہیں آئی، یہ مقابلہ اپنے دعوؤں کے برخلاف چل رہا ہے۔
یہ مس ورلڈ کی 74 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی مس انگلینڈ نے مقابلے کے دوران باضابطہ علیحدگی اختیار کی ہو۔
مِلا 16 مئی کو وطن واپس لوٹ گئیں، ان کی جگہ رنر اپ شارلٹ گرانٹ (مس لیورپول) اب مقابلے میں حصہ لیں گی۔
ردعمل
مس انگلینڈ کی ڈائریکٹر اینجی بیسلے نے علیحدگی کو "ذاتی وجوہات” قرار دیا۔
مس ورلڈ کی سی ای او جولیا مورلی نے مِلا کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے والدہ کی بیماری کے باعث دستبرداری کی درخواست دی تھی۔
واضح رہے کہ مس ورلڈ 2025 کا مقابلہ اس وقت بھارت کے شہر حیدرآباد میں جاری ہے، جبکہ فائنل 31 مئی کو ہوگا۔