امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو حاصل کرنے کیلئے بات چیت کر رہا ہے۔
گزشتہ روز امریکی صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا مائیکروسافٹ ٹِک ٹاک کے حصول کیلئے بات چیت کر رہا ہے، جس کے جواب میں انہوں نے کہا میں ہاں کہوں گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ٹک ٹاک میں بہت دلچسپی ہے۔ اور بولی لگانے والی جنگ بھی ایک اچھی پیشرفت ہوگی۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک کو امریکی قانون کا سامنا ہے جس نے کمپنی کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنے چینی مالک بائٹ ڈانس سے علیحدگی اختیار کر لے یا امریکہ میں اس پر پابندی عائد کر دی جائے۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر پابندی کا قانون 19 جنوری کو ان خدشات کے پیش نظر نافذ ہوا کہ چینی حکومت امریکیوں کی جاسوسی کیلئے اس کا فائدہ اٹھا سکتی ہے یا خفیہ طور پر امریکی رائے عامہ پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
تاہم، ٹرمپ نے بیجنگ کے ساتھ حل تلاش کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کو ڈھائی ماہ کیلئے معطل کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق مائیکروسافٹ ممکنہ خریداروں میں شامل ہے جن کے پاس ٹک ٹاک میں سرمایہ کاری کرنے کی وجہ ہوگی۔ اس کا خیال ہے کہ مائیکروسافٹ کی ڈیجیٹل اشتہار کی جگہ میں مزید داخل ہونے کی خواہش ہے۔
قانون کی آخری تاریخ قریب آتے ہی ٹک ٹاک امریکا میں عارضی طور پر بند ہوگیا تھا۔ اس کے بعد ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا کہ وہ پابندی میں تاخیر کریں گے اور معاہدہ کرنے کیلئے وقت دیں گے۔ ٹِک ٹِک نے بعد میں ملک میں سروس بحال کر دی تھی۔