بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامر خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں ماضی کا دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ لیجنڈری پاکستانی کرکٹر جاوید میانداد نے ان کی شادی کے دن کا مزہ کرکرا کر دیا تھا۔
عامر خان، جنہیں ان کے مداح "مسٹر پرفیکشنسٹ” کے نام سے جانتے ہیں، نے بتایا کہ ان کی شادی رینا دتہ سے 18 اپریل 1986 کو ہوئی تھی، اور اسی دن شارجہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی میچ کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں جاوید میانداد نے آخری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح دلائی تھی۔
اداکار نے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہم نے خفیہ شادی کی تھی، اور جب ہم واپس گھر پہنچے تو گھبراہٹ تھی کہ والدین پوچھیں گے کہاں تھے، لیکن گھر پر سب لوگ ٹی وی پر میچ دیکھنے میں مصروف تھے۔ کسی نے ہم پر توجہ ہی نہیں دی۔”
انہوں نے مزید کہا، "میں بھی میچ دیکھنے بیٹھ گیا، بھارت جیت رہا تھا تو خوشی ہو رہی تھی، لیکن جیسے ہی میانداد نے آخری گیند پر چھکا مارا، میرا پورا دن خراب ہو گیا۔ دل بہت اداس ہو گیا۔”
عامر خان نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ بعد میں جب ان کی میانداد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے ہنستے ہوئے شکایت کی، "آپ نے میری شادی کا دن برباد کر دیا تھا۔”
یہ واقعہ ایک مزاحیہ انداز میں بھارتی شائقین کرکٹ کے اُس دکھ کی بھی نمائندگی کرتا ہے جو آج بھی اُس تاریخی چھکے کو یاد کر کے محسوس کرتے ہیں۔