محکمہ موسمیات نے جنوری 2025 کے پہلے ہفتے کے دوران ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں پہاڑیوں پر شدید برفباری کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک میں برفباری اور بارش برسانے والا سسٹم یکم جنوری 2025 کو داخل ہونے کا امکان ہے اور یہ 6 جنوری تک برقرار رہ سکتا ہے۔
اس نظام کے زیر اثر گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 6 جنوری جب کہ خیبر پختونخوا میں یکم سے 5 جنوری تک بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
یکم سے 6 جنوری 2025 تک پنجاب اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ بھاری برفباری بھی متوقع ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب کے ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر کے اضلاع میں 2 سے 5 جنوری 2025 تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی یکم سے چار جنوری تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم دادو، قمبر شہداد کوٹ، شہید بینظیر آباد، سکھر اور جیکب آباد میں 3 اور 4 جنوری کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔