Home » نو مئی کیس فیصلہ کن موڑ پر،فیض حمید وعدہ معاف گواہ بنے تو عمران خان کیلئے اوپن اینڈ شٹ کیس؟نجم سیٹھی کا تہلکہ خیز دعویٰ

نو مئی کیس فیصلہ کن موڑ پر،فیض حمید وعدہ معاف گواہ بنے تو عمران خان کیلئے اوپن اینڈ شٹ کیس؟نجم سیٹھی کا تہلکہ خیز دعویٰ

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)معروف صحافی اور سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات سے متعلق ایک انتہائی سنگین اور فیصلہ کن قانونی مرحلہ اب شروع ہونے جا رہا ہے،جس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل(ر)فیض حمید کے وعدہ معاف گواہ بننے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے،اگر فیض حمید واقعی وعدہ معاف گواہ بن جاتے ہیں تو یہ مقدمہ ” اوپن اینڈ شٹ کیس “ کی شکل اختیار کر سکتا ہے اور عمران خان کو مرکزی ملزم کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نو مئی کیس نہایت خطرناک نوعیت کا ہو گا اور اس کے نتائج ملکی سیاست اور طاقت کے توازن پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں،فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی بھی اسی تناظر میں دیکھی جا رہی ہے تا ہم اصل فوکس اب عمران خان پر منتقل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ جب نو مئی کے واقعات ہوئے اس وقت عمران خان جیل میں تھے تو انہیں اس سازش سے کیسے جوڑا جائے گا؟اس کے لیے ناگزیر ہے کہ کوئی گواہ سامنے آئے جو یہ بیان دے کہ عمران خان نے براہ راست ہدایات دیں یا پیغام پہنچایا،اسی نکتے پر فیض حمید کا کردار کلیدی ہو سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کا مستقبل عمران خان کے مقدمے سے جڑتا نظر آ رہا ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر فیض حمید عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن جاتے ہیں تو ممکن ہے کہ انہیں رعایت مل جائے،جیسا کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں مسعود محمود کے معاملے میں ہوا تھا،چودہ سال کی ممکنہ سزا اپیل میں ختم بھی ہو سکتی ہے لیکن یہ سب اسی صورت میں ہو گا جب فیض حمید کی گواہی کسی اور کو سزا دلوانے میں استعمال ہو۔سیاسی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ اب نواز شریف خاموشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور گوجرانوالہ طرز کی تقاریر کا دور ختم ہو چکا ہے،ہائبرڈ رجیم کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے اور نظام اسی تنخواہ پر خوشی خوشی چلتا رہے گا،اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ایک فرد یا ادارے کے خلاف کارروائی سے سیاست میں مداخلت ختم ہو گئی ہے تو وہ حقیقت سے بہت دور ہے کیونکہ ہائبرڈ رجیم کا مطلب ہی براہ راست سیاسی شمولیت ہے۔نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر ممکنہ پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ ایک طرف حکومت پے پال جیسے عالمی مالیاتی نظام کو پاکستان لانے کی بات کر رہی ہے اور دوسری جانب ایکس (ٹوئٹر) پر پابندی جیسے اقدامات زیر غور ہیں ،مکمل پابندی ممکن نہیں کیونکہ اس کی شدید مزاحمت ہو گی تا ہم جزوی رکاوٹیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے آئینی ترمیم کے معاملے پر کہا کہ بلاول بھٹو کے بیانات کے باوجود ترمیم کے آنے یا نہ آنے کا فیصلہ کہیں اور سے ہو گا،یہ باتیں بھی سننے میں آ رہی ہیں کہ ” ترمیم کر کے رہیں گے،دیکھتے ہیں کون روکتا ہے “۔انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی عظمیٰ خان سے ملاقات میں بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں اور یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی،عمران خان کو علم تھا کہ ملاقات ریکارڈ ہو رہی ہے اور اس کی ٹرانسکرپشن تیار ہو کر اسٹیبلشمنٹ تک پہنچے گی،اسی ملاقات میں کی گئی باتیں لیک ہوئیں،جس کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو وضاحت دینا پڑی۔نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان اپنی جارحانہ پوزیشن پر قائم ہیں اور جان بوجھ کر ایسا تاثر دے رہے ہیں کہ وہ کسی دباو کو قبول نہیں کریں گے،عمران خان جانتے ہیں کہ ان کا ہر بیان آگے جا کر دہرایا جائے گا،اس کے باوجود وہ اپنی زبان پر کنٹرول نہیں کر رہے،جو آنے والے دنوں میں ان کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز