لندن (ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں سمندر پار پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے 10 مئی کی فتح کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری باب قرار دیا اور کہا کہ اس عظیم کامیابی نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ زندگی بھر یاد رکھے گا،ہم نے پاکستان کو عظیم عسکری قوت بنایا ہے اور اب وقت ہے کہ اسے معاشی قوت میں بھی تبدیل کیا جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ پاکستان کے وہ عظیم سفیر ہیں جو یورپ،برطانیہ،مشرق وسطیٰ، شمالی امریکہ اور مشرق بعید میں اپنی محنت،دیانت داری اور حلال روزی کے ذریعے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، گزشتہ برس اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے 38 ارب ڈالر پاکستان بھیجے،جو ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ناگزیر ہیں،سمندر پار پاکستانی نہ صرف معیشت بلکہ دنیا بھر کے سیاسی فورمز پر بھی پاکستان کا دفاع کرتے ہیں اور یہ قومی خدمت ناقابل فراموش ہے،پاکستانی ڈاکٹرز،انجینئرز،کاروباری افراد اور محنت کش جس لگن اور وقار سے دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں،وہ پاکستان کی مثبت شناخت ہے۔تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے 10 مئی کی فتح کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان پر بلاجواز الزام لگایا گیا تو انہوں نے کاکول میں واضح موقف اختیار کیا کہ پاکستان اس واقعے سے قطعاً لاتعلق ہے اور شفاف تحقیقات کے لیے عالمی کمیٹی کی تشکیل پر زور دیا تا ہم 6 مئی کو دشمن نے پاکستانی شہریوں،مساجد اور املاک کو نشانہ بنایا،جس کے بعد پاکستان کو اپنے دفاع میں بھرپور کارروائی کرنا پڑی،اس کے نتیجے میں دشمن کے چھ جہاز مار گرائے گئے،جس نے اس کی جارحیت کو چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ کس طرح عسکری قیادت نے بروقت اور جرات مندانہ فیصلے کیے اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ایئر چیف ظہیر احمد بابر کی قیادت میں بہترین حکمت عملی سے دشمن کو بے بس کیا۔انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی شجاعت اور قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی دانشمندانہ حکمت عملی اور فوجی جوانوں کے غیر متزلزل عزم کا نتیجہ ہے کہ پاکستان کو فتح نصیب ہوئی۔خطاب میں انہوں نے اس معرکہ کے دوران شہادت پانے والے کمسن ارتضیٰ عباس کو یاد کیا،جو لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے بیٹے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ قربانی اس جنگ کی حقیقی قیمت اور پاکستان کے عزم کی گواہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے،اب دنیا کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے غزہ میں انسانی جانوں کے بڑے پیمانے پر ضیاع کو تاریخ کا المناک باب قرار دیا اور اسلامی دنیا پر زور دیا کہ وہ امن کے قیام کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کرے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی نوجوان نسل ہے،جو آبادی کا 60 فیصد ہیں،اگر نوجوانوں کو جدید تعلیم،انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ووکیشنل تربیت دی جائے تو یہی اثاثہ پاکستان کو معاشی قوت میں تبدیل کرے گا،صرف محنت اور عزم ہی وہ ہتھیار ہیں جن سے قومیں تعمیر ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا،اگر ہم فیصلہ کر لیں کہ محنت اور دیانت داری سے آگے بڑھنا ہے تو دنیا ہمیں اسی احترام سے دیکھے گی جس کے ہم حق دار ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے اور سب کا عزم ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بنایا جائے۔تقریب سے وزیر دفاع خواجہ آصف،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار،وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیوں کے امور چوہدری سالک حسین اور چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن قمر رضا نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔