اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ دنیا ایک نئے عالمی توازن کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں مزاحمت طاقت پر بھاری پڑ رہی ہے، مغرب کا زوال شروع ہو چکا ہے جبکہ پاکستان، چین، ایران اور سعودی عرب ابھر کر عالمی سیاست کے نئے محور بن رہے ہیں، جس اسرائیل نے حماس کو مٹانے کی دھمکی دی تھی، آج وہی اس کے ساتھ مذاکرات پر مجبور ہے ، یہ وقت کی کروٹ ہے جو ثابت کرتی ہے کہ تاریخ ہمیشہ مزاحمت کرنے والوں کے حق میں لکھی جاتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سینئر سیاستدان اور دفاعی تجزیہ کار سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہناکہ مشرقِ وسطیٰ کی سیاست کا پہیہ تیزی سے الٹ سمت میں گھومنے لگا ہے، وہ اسرائیل جو کل تک حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے دعوے کر رہا تھا، آج اسی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر مجبور ہے، یہ وقت ثابت کر رہا ہے کہ طاقت نہیں، مزاحمت تاریخ بدلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ دو برسوں میں طاقت کے غرور میں انسانی اقدار کو روند ڈالا، مگر اب عالمی ضمیر جاگنے لگا ہے، جہاں قابض کو احساس ہوا ہے کہ ظلم کے خلاف آواز کبھی دبائی نہیں جا سکتی، دو سال پہلے نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ حماس کو دنیا سے مٹا دے گا لیکن آج امریکی سرپرستی میں انہی سے بات چیت ہو رہی ہے،یہ یوٹرن نہیں، عالمی سیاست کا زلزلہ ہے، حتیٰ کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے لوگ بھی حماس کے بیانات شیئر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پیش کیے گئے ’بغیر فلسطین کے نقشے‘آج خود اسرائیل کے لیے شرمندگی کا باعث بن چکے ہیں،دنیا اب فلسطین کے قیام کی ناگزیر حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہے۔سینیٹر مشاہد حسین کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، ایران اور چین خطے میں ایک نئے توازن کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ایران کے سلامتی مشیر کا پاکستان کا مجوزہ دورہ اس نئی صف بندی کا اہم اشارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے دفاعی عزم کا اندازہ بخوبی ہے، مودی کی سیاسی زندگی اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے، اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو انجام پہلے سے زیادہ عبرتناک ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ مغرب کا اثر و رسوخ کم ہو رہا ہے جبکہ ایشیائی طاقتیں اب بین الاقوامی منظرنامے کی نئی معمار بن رہی ہیں،دنیا کے مرکزِ ثقل میں تبدیلی آ رہی ہے اور پاکستان اس تبدیلی کا ایک اہم کردار بن چکا ہے۔
توپوں اور ٹینکوں سے نہیں،مزاحمت تاریخ بدلتی ہے،مشاہد حسین سید کی پیش گوئی،مغرب کا زوال،پاکستان،چین،ایران اور سعودی عرب کا ابھار شروع
5