Home » مریم نواز کا تعلیمی انقلاب،پوزیشن ہولڈرز کے لئے مکمل سکالرشپ،لیپ ٹاپ اور جدید تعلیمی منصوبوں کا اعلان

مریم نواز کا تعلیمی انقلاب،پوزیشن ہولڈرز کے لئے مکمل سکالرشپ،لیپ ٹاپ اور جدید تعلیمی منصوبوں کا اعلان

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز طلباءکے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے بھر کے طلبہ کے لئے ایک جامع تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی اور تمام پوزیشن ہولڈرز کو جدید لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تا کہ وہ دورِ حاضر کی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب میں بچوں اور بچیوں کے لئے سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے اور صوبے بھر میں 6 ہزار سائنس، ٹیکنالوجی، آرٹ، انجینئرنگ اور میتھمیٹکس لیبز بنائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایک بڑے سکول ٹرانسپورٹ منصوبے کا بھی اعلان کیا جس کے تحت طلبہ کو جدید اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے سپورٹس مقابلے کرائے جائیں گے، سرکاری سکولوں کے طلبہ کو مفت یونیفارم دیے جائیں گے جبکہ آئندہ چھ ماہ میں ہر سکول میں کلاس رومز،باتھ رومز،پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان بچوں نے وسائل کی کمی کے باوجود بہترین نتائج حاصل کر کے والدین،اداروں اور ملک کا نام روشن کیا ہے،وسائل کی کمی انسان کے اختیار میں نہیں مگر محنت اور لگن سے سب کچھ ممکن ہے، تعلیم بہترین ایکولائزر ہے جو امیر اور غریب کے فرق کو مٹا دیتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں فرق ختم کر دیا گیا ہے اور ایک سال کی قلیل مدت میں سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سکولوں کے برابر کھڑا کیا ہے، پنجاب میں اب پوزیشنیں نہیں بکتیں، نہ ہی امتحانی مراکز کا سودا ہوتا ہے، میرٹ پر آنے والا ہی پوزیشن ہولڈر بنتا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 80 ہزار بچوں کو ہونہار سکالرشپ دی جا رہی ہیں، جن میں غریب، یتیم اور نادار بچے بھی شامل ہیں،یہ بچے اب اپنی تعلیم کے سفر کو بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں گے،چھوٹے گھروں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے خواب بہت بڑے ہیں، حکومت ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں الیکٹرک بس پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے جس میں طلبہ کے لئے مفت سفر اور الگ کمپارٹمنٹس مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور کرائم کے انسداد کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور پنجاب کو خواتین کے لئے محفوظ ترین صوبہ بنایا جائے گا۔مریم نواز نے اپنی تقریر میں یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے سفارش اور اقربا پروری کا دروازہ بند کر دیا ہے،میرے پاس کوئی سفارش لے کر آتا ہے تو اس کے نام پر سرخ کراس لگا دیا جاتا ہے، میں اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہوں، میرٹ ہی واحد راستہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے اور ماں اپنے بچوں کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں کرتی،میں پورے پنجاب کی وزیراعلیٰ ہوں، سب شہر میری آنکھوں کا نور ہیں، سب میرے لئے برابر ہیں۔

انہوں نے عہد کیا کہ پنجاب کے ہر بچے کو جدید ٹیکنالوجی، مشین لرننگ، روبوٹکس اور کوڈنگ تک رسائی دی جائے گی تاکہ انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنایا جا سکے،آج چائنا اور جاپان کے بچے روبوٹکس پڑھ رہے ہیں، پنجاب کے بچے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے آخر میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ انگریزی زبان سیکھیں لیکن اپنی مادری اور قومی زبانوں پر بھی فخر کریں،بیٹی،بہن یا بیوی اگر پڑھنا چاہے تو روکیں نہیں، اعتماد کریں اور پڑھنے دیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں معیاری سکول، الیکٹرک بس، اپنی چھت اپنا گھر، اورنج لائن، میٹرو بس اور سڑکوں کے منصوبے بن رہے ہیں،پنجاب کی روٹی آج بھی پورے ملک سے سستی ہے۔مریم نواز شریف نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آپ کو جلاو گھیراو اور بدتمیزی پر اکساتے ہیں وہ آپ کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کو نوجوانوں، خواتین اور طلبہ کے لئے ترقی، مواقع اور تحفظ کا صوبہ بنایا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز