لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے لاہور میں ملاقات کی،جس میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے،تجارت،سرمایہ کاری،زراعت،لائیوسٹاک،سیاحت،ثقافت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرتگالی سفیر کی لاہور آمد پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں جنہیں ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے پرتگالی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ مختلف شعبوں خصوصاً فارماسیوٹیکل، توانائی،آبی وسائل،صحت،ڈیجیٹل جدت، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے وسیع امکانات رکھتا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے پاکستان پرتگال بزنس فورم کے قیام کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے،جس سے دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے لاہور اور پرتگال کے دارالحکومت لزبن کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے فروغ کے لیے سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے پرتگالی ثقافت،زبان،ورثے اور علمی تبادلوں کو فروغ دینا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاحت، ثقافتی روابط اور باہمی افہام و تفہیم کے شعبوں میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے پاکستان خصوصاً لاہور کے کھانوں اور اہل لاہور کی مہمان نوازی کو سراہا۔انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پرتگال مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پرتگالی سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبے میں صحت کے شعبے میں اقدامات خصوصاً پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کے قیام اور ہیلتھ سیکٹر میں کیے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔ملاقات میں پرتگالی سفیر نے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے پرتگال میں سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پرتگال کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعلقات کو تجارت،تعلیم،ثقافت،سیاحت اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو کے مداح ہیں،جو دونوں ممالک کے عوامی روابط کی ایک مثال ہے۔دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کو مزید موثر اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔