لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے مزدور طبقے کے لیے متعارف کرائے گئے بڑے ریلیف پیکج کے تحت راشن کارڈ سکیم میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں مستحق خاندانوں کو اربوں روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سکیم میں رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور درخواست گزاروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جسے معاشی دباو کے شکار طبقات کے لیے ایک اہم سہارا قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے مزدوروں کے لیے مالی معاونت کے ایک بڑے پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے راشن کارڈ سکیم کے تحت اربوں روپے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ آئندہ مالی سال کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ان کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی،رجسٹریشن کے عمل اور مزدوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر 14 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 12 لاکھ سے زائد مزدوروں کو راشن کارڈ کے ذریعے مجموعی طور پر 28 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں، 12 لاکھ 44 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ورکرز کو راشن کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی کارڈز کی تیاری کا عمل جاری ہے۔حکام کے مطابق صوبے بھر میں رجسٹرڈ مزدور 62 ہزار سے زائد منظور شدہ دکانوں سے ماہانہ تین ہزار روپے تک کی اشیائے ضروریہ حاصل کر رہے ہیں،جس سے ان کی روزمرہ زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مالی سال 2026-27 کے لیے بھی راشن کارڈ پروگرام کی باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس مد میں مزید 43.2 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مزدور اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے تحت کام کرنے والے ایک لاکھ سے زائد ورکرز کو بھی راشن کارڈ سکیم میں شامل کیا گیا ہے، جس سے اس اقدام کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حکام کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ مزدوروں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر مستحق کارکن تک مالی معاونت بروقت پہنچے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مزدور طبقے کا مالی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور راشن کارڈ پروگرام کو مزید موثر اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ دنوں میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔