Home » کاہنہ سانحہ کے بعد بڑا اقدام،مریم نواز کا ”اپنا گھر،محفوظ گھر“ پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ

کاہنہ سانحہ کے بعد بڑا اقدام،مریم نواز کا ”اپنا گھر،محفوظ گھر“ پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)سانحہ کاہنہ کے بعد پنجاب حکومت نے رہائشی تحفظ کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ”اپنا گھر،محفوظ گھر“ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے،جس کا مقصد خستہ حال اور کمزور ڈھانچے والے گھروں کو محفوظ بنانا اور ممکنہ حادثات کی روک تھام ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں اس پروگرام کی منظوری دی گئی،جہاں ہاوسنگ سے متعلق جاری منصوبوں کی پیش رفت اور آئندہ حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔حکام کے مطابق ”اپنا گھر، محفوظ گھر“ پروگرام کے تحت دو نئی کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔ پہلی کیٹیگری میں ایسے گھروں کو شامل کیا گیا ہے جن کی چھتیں کمزور یا ڈھانچہ خستہ حال ہے،جن کی مرمت اور بحالی کیلئے حکومت پانچ لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کرے گی۔دوسری کیٹیگری کے تحت شہریوں کو نئی منزل یا اضافی فلور کی تعمیر کیلئے بلاسود اور آسان اقساط پر 10 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کیلئے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو عملی طور پر قرض فراہم کیا جا چکا ہے۔اس منصوبے کیلئے مجموعی طور پر 217.8 ارب روپے جاری کیے گئے،جس کے نتیجے میں پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 27 ہزار گھروں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔

مزید برآں، صوبے بھر میں 12 لاکھ سے زائد بے گھر خاندانوں کی جانب سے رہائشی سہولت کے حصول کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں،جو اس پروگرام کی عوامی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام کی نئی کیٹیگریز کو تین روز کے اندر عوام کیلئے فعال کیا جائے اور قرض کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔اجلاس میں ”اپنی زمین اپنا گھر“ منصوبے کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار مفت پلاٹس کی فراہمی اور ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پلاٹ حاصل کرنے والے خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرض بھی فراہم کیا جائے تاکہ وہ جلد از جلد اپنی رہائش مکمل کر سکیں۔مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی ترجیح صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہیں، اور عوام کو محفوظ رہائش کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ غریب طبقے پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور نہ ہی قرض کے حصول کے اصولوں کو پیچیدہ بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہاوسنگ کے تمام منصوبے حکومت کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں اور ان میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز