وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی اجلاس کے دوران ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کیلئے 62 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں بریفنگ کے مطابق پنجاب بھر میں تقریباً 5000 شہری پہلے ہی پروگرام کے تحت قرضے حاصل کر چکے ہیں اور 4200 سے زائد مکانات تیزی سے تکمیل کے قریب ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مئی تک 40 ہزار افراد کو قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے حکام کو قرض کی حد 1.5 سے 20 لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز پر نظرثانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ گھر کا مالک ہونا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور تمام بے گھر افراد کیلئے پناہ گاہ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے پسماندہ خاندانوں کو تیار مکانات بھی فراہم کیے جائیں گے۔