لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای مسٹر منسو کرمباکس نے ملاقات کی،جس میں دوطرفہ تجارتی، معاشی اور سماجی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ماریشس کے ہائی کمشنر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای مسٹر منسو کرمباکس نے ملاقات کی جس میں بزنس ٹو بزنس روابط مضبوط بنانے،تجارتی وفود کے تبادلوں اور نمائشوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ماریشس کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے جبکہ تعلیم،سیاحت،زراعت اور عوامی سطح پر تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو بھی مزید فروغ دیا جائے گا۔دونوں رہنماوں نے حلال فوڈ،ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ نے بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ماریشس کے لیے چاول،ٹیکسٹائل اور فارما سیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں،جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور منشیات کے خلاف ماریشس کی حکومت کی مسلسل کاوشوں کو بھی سراہا اور دوطرفہ تعاون کو عملی اقدامات میں ڈھالنے پر زور دیا۔
مریم نواز شریف،ماریشس کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر متفق
10