لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب کے مختلف شہروں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمتِ خلق نے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ تنظیم کے رضاکار متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر محصور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت متاثرہ خاندانوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں مصروف ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ،مریدکے اور گردونواح کے متاثرہ علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں،جہاں پانی میں گھرے افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ متاثرین میں پکا ہوا کھانا،صاف پینے کا پانی،راشن اور دیگر ضروری اشیائے ضرورت بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں طبی مسائل کے پیش نظر مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں،جہاں متاثرین کو مفت طبی معائنہ،ابتدائی طبی امداد اور ضروری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمتِ خلق کے چیئرمین چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور امدادی کارروائیوں کو مزید منظم اور تیز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں ریسکیو پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں،جہاں رضاکار ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین تک خوراک، صاف پانی،ادویات اور دیگر ضروری سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔مرکزی مسلم لیگ کے مطابق بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن صورتحال معمول پر آنے تک جاری رہے گا جبکہ رضاکار متاثرہ شہریوں کی بحالی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
سیلاب زدہ علاقوں میں مرکزی مسلم لیگ میدان میں،ریسکیو آپریشن تیز،متاثرین کے لیے خوراک،پانی اور طبی امداد کا انتظام
20