میٹا پلیٹ فارمز نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری فنڈ کیلئے ایک ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
یہ اقدام کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ کی جانب سے ٹرمپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جو ایک وقت میں کشیدہ تھے۔ کمپنی کی جانب سے اس عطیہ کی تصدیق کی گئی ہے، جو زکربرگ اور ان کی کمپنی کی سابقہ پالیسی سے انحراف ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران زکربرگ کو دھمکی دی تھی کہ اگر وہ اس کے خلاف انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یہ عطیہ اور آئندہ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ٹیکنالوجی کے سی ای اوز کو کس طرح توازن قائم کرنا پڑتا ہے۔ ان کی کمپنیاں اکثر ٹرمپ اور دیگر ری پبلکنز کے نشانے پر رہتی ہیں، جبکہ ان کے ملازمین عموماً بائیں بازو کی سیاست کے حامی ہوتے ہیں۔
زکربرگ کی ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششیں بہت پہلے شروع ہو چکی تھیں، جن میں نومبر میں مارا لاگو کلب میں ٹرمپ کے ساتھ ایک رات کا کھانا بھی شامل تھا، جس میں عمومی تعلقات کی مضبوطی پر گفتگو کی گئی۔