کینیڈا کے نومنتخب وزیرِاعظم مارک کارنی نے ملک میں 28 اپریل کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا ہے تاکہ اپنی حکومت کو مضبوط مینڈیٹ فراہم کیا جا سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مارک کارنی نے اتوار کو گورنر جنرل سے درخواست کی کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کر کے 28 اپریل کو انتخابات کرائے جائیں۔
کینیڈا کے 343 نشستوں پر لبرل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
مارک کارنی نے اس موقع پر متوسط طبقے کے ٹیکس میں کمی کی تجویز دی اور کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقصد کینیڈا کو توڑ کر اس پر حکمرانی کرنا ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے غیر منصفانہ ٹیرف اور تجارتی اقدامات کو بحران کا سبب قرار دیا۔
یاد رہے کہ 14 مارچ کو مارک کارنی نے کینیڈا کے 24ویں وزیرِاعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا، جس کے بعد جسٹن ٹروڈو کے تقریباً 10 سالہ دور اقتدار کا اختتام ہوا۔ ٹروڈو نے جنوری میں مہنگائی اور امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کی دھمکیوں کے باعث وزیرِاعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔