لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی خواتین اور نوجوانوں کے کھیلوں کے فروغ کے لیے ”کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026“کا باقاعدہ افتتاح کر دیا،یہ تقریب پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی،جس میں ملک بھر سے خواتین کھلاڑی،اولمپین کھلاڑی،وزرا،ارکان اسمبلی اور ہزاروں نوجوان شریک تھے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ خواتین ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر سکتی ہیں اور کھیل میں صنف کی کوئی حد نہیں۔ انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کو سپر پنجاب کی سپر بیٹیاں قرار دیا اور انہیں 2 کروڑ روپے کے انعامات دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2027ءمیں پہلے سپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا اور پنک گیمز کو تحصیل کی سطح تک پھیلایا جائے گا تاکہ ہر نوجوان کو کھیل کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت جدید تعلیمی اور کھیلوں کے نظام کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبز اور لائبریریز قائم کر رہی ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو ملک کی ترقی میں استعمال کیا جا سکے۔مریم نواز نے کہا کہ خواتین گھر کا کام بھی سنبھال سکتی ہیں اور بیرون میدان بھی کامیابی حاصل کر سکتی ہیں، زمین آپ کی ہے، آسمان آپ کا ہے، آگے بڑھیں اور جیت کر دکھائیں۔انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی قیام و طعام اور دیگر سہولیات کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔اولمپین اتھلیٹ فائقہ ریاض نے مارچ پاسٹ کی قیادت کی، اور پورا سٹیڈیم ڈھول کی تھاپ اور پرجوش نعروں سے گونج اٹھا۔ وزیر کھیل فیصل کھوکھر نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکی کے فروغ کے لیے سینتھیٹک آسٹرو ٹرف سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور 184 سپورٹس پراجیکٹس ایک سال میں مکمل کیے جائیں گے، خواتین کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا تاکہ ان کا حوصلہ بلند رہے۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کھیل کو تحصیل سطح تک لے جایا جائے گا، نوجوانوں کو موبائل سکرین سے میدان کی طرف لایا جائے گا اور ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار ہر میدان میں نمایاں رہے گا۔ انہوں نے کہاعورت جنگ بھی لڑ سکتی ہے، جہاز بھی اڑا سکتی ہے، وزیر اعلیٰ بھی بن سکتی ہے، معیشت بھی چلا سکتی ہے اور پولیس فورس بھی سنبھال سکتی ہے۔تقریب میں 3,000 سے زائد کھلاڑی شامل تھے، جنہوں نے اپنے ٹیلنٹ اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2026ءکو نوجوانوں کا سال قرار دیا گیا ہے اور حکومت نوجوانوں اور خواتین کے لیے کھیل، تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کا افتتاح کر دیا،خواتین کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے انعام
14