لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی)نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خودکش بمبار سمیت 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جبکہ حساس مقامات پر ممکنہ حملوں کا بڑا منصوبہ بروقت ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے،جن کے دوران خوشاب،میانوالی،راولپنڈی،جھنگ،بھکر،لاہور، فیصل آباد،چکوال،ٹوبہ ٹیک سنگھ،حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو توڑنا اور ممکنہ خطرات کو قبل از وقت ختم کرنا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق جھنگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان کو گرفتار کیا گیا،جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔اسی طرح سرگودھا میں حساس اداروں پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ملے خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں اور دیگر حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے تاہم بروقت کارروائی کے باعث ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد،خودکش جیکٹس،14 ڈیٹونیٹرز،25 فٹ حفاظتی فیوز وائر،ممنوعہ سٹیکرز،کالعدم تنظیموں کا لٹریچر اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت غازی مرجان،معین خان،اصیل دین،ناصر شاہ،نصیب خان، ابرار،یوسف،مالے خان اور اسامہ سمیت دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے،جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق رواں ہفتے کے دوران صوبہ بھر میں 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے،جن کے دوران 95 ہزار 755 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 190 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ادارے ہر وقت مستعد ہیں۔