اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے،جہاں وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا،جس میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت مکمل کر لی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق موجودہ بحران پر قابو پانے میں ناکام رہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی قیادت کو متعدد انٹیلی جنس اور انتظامی رپورٹس موصول ہوئیں جن میں واضح کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں عوامی بے چینی،انتظامی کمزوری اور بدانتظامی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ وزیر اعظم نے حالات کو معمول پر لانے کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں یہ بات زیر غور آئی کہ سیاسی استحکام اور گورننس میں بہتری کے لیے قیادت کی تبدیلی نا گزیر ہو چکی ہے۔اسی مقصد کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے متفقہ طور پر نیا سیاسی فارمولا تیار کر لیا ہے اور ممکنہ طور پر آئندہ چند دنوں میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کی تبدیلی کا با ضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، نیا وزیرِ اعظم ایسا رہنما ہو گا جو دونوں اتحادی جماعتوں کے لیے قابلِ قبول ہو اور وفاقی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو موثر انداز میں آگے بڑھا سکے ۔مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں مرکزی حکومت کے ساتھ ہم آہنگ گورننس ماڈل اپنایا جائے گا تا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ یہ فیصلہ آزاد کشمیر میں حالیہ دنوں میں ہونے والے عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے انتہائی موثر احتجاج اور ریاست کی ”غیر فعال قیادت “ کے ردِعمل کے طور پر سامنے آیا ہے ”حالات کے بگاڑ میں انتظامی نا اہلی اور سیاسی سرد مہری “ کا کردار نمایاں رہا،جس کے باعث اب مرکز نے قیادت کی تبدیلی کو ناگزیر سمجھا ہے۔سیاسی مبصرین اس پیش رفت کو اسلام آباد اور مظفرآباد کے درمیان نئے تعلقاتی ڈھانچے کی ابتدا قرار دے رہے ہیں۔یہ اقدام آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نئی صف بندی کا سبب بن سکتا ہے،جس کے اثرات وفاقی سطح پر بھی محسوس کیے جائیں گے۔
آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑی ہلچل،وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو ہٹانے کا فیصلہ،شہباز شریف کے حکم پر نیا سیٹ اپ تیار
11