لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے حوالے سے ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کینٹ کچہری کے بخشی خانے سے چار زیرِ حراست ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ ملزمان کو کیمپ جیل سے عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا،جہاں انہیں عارضی طور پر بخشی خانے میں رکھا گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے موقع پاکر بخشی خانے کی گرل توڑی اور فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے چار میں سے دو ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے، جن میں منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزم ریاض اعجاز اور قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم حسن صفدر شامل ہیں جبکہ دیگر دو ملزمان کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد متعلقہ اہلکاروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور ممکنہ غفلت یا کوتاہی کے پہلووں کو تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تمام ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔