اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)مہنگائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹرین کرایوں میں مجوزہ اضافہ روک دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے اس فیصلے کو مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے جس سے ریلوے سفر بدستور سستا اور قابل رسائی رہے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ریلوے مسافروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹرین کرایوں میں مجوزہ اضافے کو روکنے کا فیصلہ کر دیا ہے، جس کے تحت حکومت اضافی مالی بوجھ خود برداشت کرے گی۔ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جس کے باعث ٹرین کرایوں میں تقریباً 30 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور تھی، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر اس فیصلے کو روک دیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرینوں کی اکانومی اور اے سی کلاسز سمیت کسی بھی درجے کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا جبکہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے فریٹ ٹرینوں کے کرایے بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت 30 جون تک تقریباً 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی تاکہ عوام پر مزید مالی دباو نہ پڑے اور سفر کی سہولت عام آدمی کی پہنچ میں برقرار رہے۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس فیصلے کو عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل معاشی حالات میں مسافروں کے دل جیت لیے ہیں اور یہ قدم عام آدمی کیلئے ایک اہم ریلیف ثابت ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ ریلوے کے ذریعے سفر کو مزید قابل رسائی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔حکومت کے اس اقدام کو مہنگائی کے دباو میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ماہرین کے مطابق اس سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں استحکام برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔